Wednesday 9 June 2010

امیر معاویہ رض کی ذہانت کا امتحان

شاہ روم ہرقل نے حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو چند سوالات لکھ بھیجے کہ ان کا جواب دو:

1/ وہ کون سے شے ہے جس سے ہر شے ہے، اور وہ کون سی شے ہے جو لا شے (کچھ نہیں) ہے؟
2/ چار چيزيں ہیں جن میں روح تو ہے لیکن ان چاروں کا وجود ماں کے رحم اور باپ کی پیٹھ میں نہیں تھا؟
3/ وہ کون تھے جن کی پیدائش بغیر باپ کے ہوئي؟
4/ اس آدمی کا کیا نام ہے جس کی پیدائش بغیر ماں کے ہوئی؟
5/ قوس قزح کیا چيز ہے؟ (قوس قزح = ست رنگی کمان جو برسات کے دنوں میں آسمان پر دکھائی دیتی ہے)
6/ وہ کون سا درخت ہے جو بغیر پانی کے اگتا ہے؟
7/ وہ کون سے چيز ہے جو سانس لیتی ہے لیکن اس کے اندر روح نہیں ہوتی؟
8/ آج، گزشتہ کل، آئندہ کل، اور آئندہ کل کے بعد؟

حضرت معاویہ رض نے ان سوالات پر عبداللہ بن عباس رض کا جواب پاکر ہرقل کو لکھا:

1/ وہ شے جس سے ہر شے ہے، "پانی" ہے- اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
[ وجعلنا من المآء کلّ شی حیّ] "اور ہم نے پانی سے ہرزندہ چيز پیدا کی-" (الانبیاء:21/30]
اور وہ شے جو لا شے (کچھ بھی نہیں ہے)، وہ "دنیا" ہے جو ختم ہونے والی اور زوال پذیر ہے-

2/ وہ چار چيزيں جن میں روح تو ہے لیکن ان چاروں کا وجود ماں کے رحم اور باپ کی پیٹھ میں نہیں تھا، یہ ہیں:
(1) آدم علیہ السلام (2) حوا علیہ السلام (3) صالح علیہ السلام کی اونٹنی (4) اسماعیل علیہ السلام کا مینڈھا-

3/ حضرت مسیح علیہ السلام کی پیدائش بغیر باپ کے ہوئی

4/ حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش بغیر ماں کے ہوئی

5/ قوس قزح اللہ تعالی کی طرف سے بندوں کو غرقاب ہونے سے "امان" ہے-

6/ بغیر پانی کے اگنے والا درخت "یقطین" ہے جسے اللہ تعالی نے یونس علیہ السلام کے اوپر اگایا تھا- اللہ تعالی کا ارشاد ہے: [ و انبتنا علیہ شجرۃ مّن یّقطین] "اور ہم نے یونس پر سایا کرنے والا ایک بیل دار درخت اگایا"- (الصافات: 37 /146)

7/ وہ چيز جو سانس لیتی ہے لیکن اس کے اندر روح نہیں ہے، وہ "صبح " ہے- اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
[ والصّبح اذا تنفّس] " اور قسم ہے صبح کی جب کہ اس نے سانس لیا-" ( التکویر: 81/18)

8/ جہاں تک آٹھویں سوال کا تعلق ہے توآج "عمل" ہے، گزشتہ کل "مثال" ہے، آئندہ "موت" ہے اور آئندہ کل کے بعد "مشکل الحصول آرزو اور امید ہے"-

0 تبصرہ جات:

تبصرہ کیجئے